کاروار 23/ڈسمبر (ایس او نیوز) کالج کے طلباسے بھری بس پر گوا کی شراب غیر قانونی طور پر اسمگل کرنے کی کوشش میں محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں نے بس سمیت شراب کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اس تعلق سے دو لوگوں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دو بسوں پر سوار پی یو سی کے طلبا میسور سے سیر و تفریح کے لئے گوا پہنچے تھے، واپسی پر جب بس کو گوا۔کاروار ماجالی چیک پوسٹ پر روکا گیا اور تلاشی لی گئی تو ایک بس پر 94 لیٹر گوا شراب پائی گئی۔ جس کی مالیت قریب 3.94 لاکھ روپئے لگائی گئی ہے۔ محکمہ ایکسائز نے شراب کو ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ بس کو بھی اپنی تحویل میں لیا ہے اور دو لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت ٹمکور ضلع کے توروے کیری کے رہنے والے نوین کمار اور دیانند کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شراب کو مخصوص جگہ پر چھپا کر رکھا گیا تھا، مگر محکمہ ایکسائز کو مصدقہ ذرائع سے اس بس پر شراب ہونے کی خبر موصول ہوئی تھی جس کی بنا پر متعلقہ بس کو روک کر سخت تلاشی لی گئی، جس کے بعد ہی شراب برآمد کرکے ضبط کی گئی۔